آج ہم آپکو بتائیں گے کہ خوش رہنے کے لئے کن باتوں پر عمل کرنا چاہیے۔
ڈوپامائن ہمارے دماغ میں موجود ایک ایسا ہارمون جو ہمیں خوشی کا احساس دلاتا ہے، دوسرے لفظوں میں اسے خوشی کا ہارمون بھی کہا جاتا ہے۔
ماہرین نے اسے ہیپی ہارمون کا نام بھی دیا ہے اور صحتمندانہ طرز زندگی کے لیے جسم میں ڈوپامائن کی مناسب مقدار ہونا ضروری ہے۔
یہ ہمارے دماغ میں کام کرنے والا ایک نیورو ٹرانسمیٹرہوتا ہے جس کے ذریعے دماغی خلیے ایک دوسرے سے رابطہ رکھتے ہیں، یہ ہماری حرکت، یادداشت، مزاج اور توجہ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
ڈوپامائن کی سطح دماغ میں مناسب مقدار میں ہو تو ہمارا موڈ عموماً بہتر رہتا ہے۔ یہ انسان کی مثبت صلاحیت کو بڑھانے کیلئے بہترین سمجھا جاتا ہے۔ تاہم ڈوپامائن کی مقدار اگر دماغ میں کم ہو جائے تو لوگوں کا موڈ بگڑ سکتا ہے اور کام کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔
ڈوپامائن کو بڑھانے کے طریقے
کچھ قدرتی طریقوں کو اپنا کر دوا کے بغیر قدرتی طور پرڈوپا مائن کی سطح کو جسم میں بڑھایا جاسکتا ہے۔
پروٹین کا کثرت سے استعمال: امائنو ایسیڈ ٹائروسین اور فینی لالینین سے ڈوپامائن تیار کی جاتی ہے جبکہ یہ دونوں پروٹین سے بھرپور غذاؤں سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ ان میں امائنو ایسڈز کا بہت زیادہ استعمال ڈوپامائن کی سطح کو بڑھا تا ہے۔
چکنائی کا کم استعمال
چکنائی جیسے جانوروں کی چربی، مکھن اور ملائی وغیرہ ڈوپامائن کی مقدار میں کمی لا سکتی ہیں۔
چکنائی سے بھرپور غذائیں جسم میں سوزش بڑھا سکتی ہیں جس سے ڈوپامائن کی مقدار میں کمی آتی ہے۔
پروبائیوٹکس استعمال کریں
آنتوں اور دماغ کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور یہ مفید بیکٹریا ڈوپامائن پیدا کرسکتی ہیں جو موڈ اور رویے کیلئے کارآمد ہیں۔
پرو بائیو ٹک بیکٹریا کی بڑی مقدار انسانوں میں بے چینی اور افسردگی کی علامات کو کم کر سکتی ہیں۔
ورزش کریں
جسم میں اینڈورفن کی سطح کو بڑھانے اور موڈ کو بہتر بنانے کیلئے ورزش کافی اہم ہے۔
جسمانی سرگرمی دماغ پر مثبت اثر ڈالتی ہے، ورزش سے ڈوپامائن کی سطح کو بڑھانے میں بھی مدد ملتی ہے۔
غذا
گری دار میوے، بیر، ہرے پتوں والی سبزیاں اور ایسی غذائیں جن میں اومیگا تھری ہوتا ہے جیسے مچھلی اور انڈا وغیرہ یہ غذائیں ڈوپامائن کی سطح کو بڑھاتی ہیں۔
بھرپور نیند لیں
صبح کے وقت جب بیدار ہونے کا وقت ہوتا ہے تو ڈوپامائن بڑی مقدار میں خارج ہوتا ہے اور یہ سطح قدرتی طور پر شام کے وقت گر جاتی ہے لیکن نیند کی کمی ان قدرتی چکر میں خلل ڈالتی ہے۔
باقاعدگی سے اعلیٰ معیار کی نیند ڈوپامائن کی سطح کو متوازن رکھتی ہے۔
