دنیا بھر میں 40 فیصد اموات کس بیماری کی وجہ سے ہورہی ہیں اس حوالے سے حیرت انگیز انکشاف ہوگیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے ایک رپورٹ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ یورپ میں یومیہ 10 ہزار افراد دل کے امراض کے سبب موت کا شکار ہوجاتے ہیں۔
جی ہاں، رپورٹ کے مطابق دل کے امراض یورپ میں 40 فیصد اموات کی بڑی وجہ ہیں، ادارے نے یورپی باشندوں پر زور دیا کہ وہ کھانوں میں نمک کی مقدار کم کریں۔
ڈبلیو ایچ او نے بتایا کہ ایک دن میں 10 ہزار یا سال میں 40 لاکھ اموات کے برابر ہے، یورپ میں 30 سے 79 سال کی عمر کے تین میں سے ایک بالغ فرد ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہے جس کی وجہ اکثر نمک کا زیادہ استعمال ہے۔
نمک کی مقدار 25 فیصد تک کم کرنے سے سال 2030 تک دل کی بیماریوں سے 9 لاکھ افراد کی جانیں بچائی جاسکتی ہیں۔
کھانوں میں زیادہ نمک کا استعمال بلڈ پریشر بڑھاتا ہے جس سے امراضِ قلب مثلاً دل کے دورے اور اسٹروک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
یورپ میں بلڈ پریشر کے مریضوں کی تعداد پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے، خطے میں خواتین کی نسبت مردوں میں امراضِ قلب سے موت کے امکانات تقریباً 2.5 گنا زیادہ ہیں۔
