کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان میں کتنے فیصد نوجوان ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔
پاکستان کے ماہرین صحت کے مطابق ملک میں 15 سال سے زائد عمر کے 18 فیصد نوجوان ہائپرٹینشن یا ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں میں ہائی بلڈ پریشر کی بنیادی وجوہات جامد طرز زندگی، جنک اور پروسیسڈ فوڈ کا بے تحاشہ استعمال، ورزش سے گریز، تمباکو نوشی اور آن لائن گیمنگ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نوجوان اور نسبتاً جوان افراد بلڈ پریشر کی پیچیدگیوں کا شکار ہو کر دل کے دورے اور فالج کے سبب جان بحق یا معذور ہو رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ہائی بلڈ پریشر کے نتیجے میں بینائی متاثر ہونے اور گردے ناکارہ ہونے کی شرح میں بھی تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے گردے ناکارہ ہونے کے سبب پاکستان میں تقریباً ساڑھے 10 لاکھ ڈائلسز مشینوں کی ضرورت ہے۔
