رات دیر تک جاگنے والوں کے لئے بُری خبر آ گئی ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق رات گئے تک جاگنے کے عادی افراد میں دماغی صحت کے مسائل سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ دیر تک جاگنے کے عادی ہیں تو دماغی اور رویوں سے متعلق امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے، چاہے آپ 7 سے 8 گھنٹوں تک سونے کے عادی ہی کیوں نہ ہوں۔
ماہرین نے اس تحقیق میں 74 ہزار کے قریب درمیانی عمر کے افراد کو شامل کیا، ان میں سے 19 ہزار صبح جلد جاگنے کے عادی تھے، 6800 رات گئے تک جاگنا پسند کرتے تھے جبکہ باقی ان دونوں انتہاؤں کے درمیان کہیں موجود تھے۔
تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ دیر تک جاگنے کے عادی افراد میں دماغی امراض جیسے ڈپریشن اور انزائٹی سے متاثر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق رات کو جلد سونے اور صبح جلد جاگنے والے افراد کی دماغی صحت دیگر کے مقابلے میں بہترین ہوتی ہے، تاہم اگر وہ کسی وجہ سے دیر تک جاگنے پر مجبور ہو جائیں تو پھر ان کی دماغی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر رات گئے تک جاگنے والے اکثر افراد تمباکو نوشی اور زیادہ کھانے کے عادی ہوتے ہیں جس سے جسم کے ساتھ دماغ بھی متاثر ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک خیال یہ بھی ہے کہ رات گئے تک جاگنے سے جسم اور دماغ میں تبدیلیاں آتی ہیں جس سے بھی دماغی صحت متاثر ہوتی ہے۔
