انرجی ڈرنکس پینے والوں کے لئے بُری خبر آ گئی ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق انرجی ڈرنکس کے استعمال سے اچانک حرکت قلب اچانک تھم جانے (کارڈک اریسٹ) کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ اس طرح کے مشروبات میں کیفین اور دیگر ایسے اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو امراض قلب کے خطرے سے دوچار افراد کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔
ماہرین نے اس تحقیق میں کارڈک اریسٹ کا سامنا کرنے والے 144 مریضوں کا جائزہ لیا، ان میں سے 7 مریض ایسے تھے جنہوں نے کارڈک اریسٹ سے کچھ دیر قبل ایک یا اس سے زائد انرجی ڈرنکس کا استعمال کیا تھا۔
انہوں نے دل کے ایسے مسائل کی جانچ پڑتال بھی کی جن کا سامنا ان مریضوں کو ہوا۔
تحقیق میں یہ تو ثابت نہیں ہوا کہ انرجی ڈرنکس کا استعمال براہ راست کارڈک اریسٹ کا باعث بنتا ہے مگر محققین کا کہنا ہے کہ لوگوں خاص طور پر امراض قلب کے خطرے سے دوچار افراد کو ان مشروبات سے گریز کرنا چاہیے یا کم از کم مقدار کا استعمال کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ انرجی ڈرنک کے استعمال سے اچانک موت کا خطرہ بہت زیادہ دریافت نہیں ہوا مگر ان مشروبات سے صحت کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔
