Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد کا معاملہ؛ اپوزیشن نے بڑا دعویٰ کردیا

وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد کے  معاملے پر اپوزیشن نے بڑا دعویٰ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے خلاف عدم اعتماد کے معاملے پر اپوزیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ عدم اعتماد کےلئےمطلوبہ تعداد پوری ہے، اپوزیشن کے 23ارکان ہیں، مطلوبہ تعداد سے زیادہ لوگ ساتھ ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن رہنما اخترحسین لانگو نے کہا ہے کہ اسپیکر7 روزمیں اجلاس بلانے کے پابند ہیں، جام کمال کی پالیسیوں سےان کی پارٹی اوراتحادی جماعتوں کے لوگ نالاں ہیں، تحریک عدم اعتماد کے بعد حکومت نے رابطے کیے مگراب دیرہوچکی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے حکومتی و اتحادی ارکان اسمبلی کی اہم ملاقات ہوئی ، جس میں اتحادی جماعتوں کےارکان کا جام کمال کی حمایت کا اظہار کردیا ہے۔

ارکان نے گفتگو میں کہا کہ سیاست میں ناراضگی ہوتی رہتی ہے، دوستوں کومنا لیں گے، وہ ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن کو مایوسی ہوگی۔

اتحادی جماعتوں کے ارکان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی، ہم آپ پربھرپوراعتماد کرتے ہیں اور آپ کیساتھ کھڑے ہیں۔

 بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال خان کا کہنا ہے کہ انہیں صوبائی اسمبلی میں اپنے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی پرواہ نہیں ہے۔

واضح رہےکہ بلوچستان اسمبلی میں متحدہ حزب اختلاف نے منگل کی شب وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے۔ تحریک عدم اعتماد چار نکاتی چارج شیٹ پر مشتمل ہے جس پر حزب اختلاف کے 16 اراکین کے دستخط ہیں۔

 جام کمال کا کہنا ہے کہ اگر میری جماعت اور اتحادی میرے ساتھ ہیں تو اپوزیشن سے فرق نہیں پڑتا۔ جس دن میری جماعت اور اتحادیوں کی اکثریت نے عدم اعتماد کیا تو خود چلا جاؤں گا۔ پارٹی اور اتحادیوں کے ساتھ نہ ہونے پر مجھے ایوان کا سربراہ ہونے کا حق نہیں ہوگا۔

بلوچستان اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے 33 اراکین کی ضرورت ہے۔ حزب اختلاف کے اراکین کا دعویٰ ہے کہ انہیں  تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے مطلوبہ اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version