Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پولیس اور منشیات فروشوں کے مابین مقابلے میں اے ایس آئی اسلم فاروقی شہید

راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کے علاقے راشد منہاس روڈ پر گزشتہ شب پولیس اور منشیات فروشوں کے مابین مقابلے میں 28 سالہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اسلم فاروقی شہید ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق شہید اے ایس آئی اسلم فاروقی کی نماز جنازہ پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کر دی گئی، پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی۔

ترجمان راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ نماز جنازہ میں آر پی او عمران احمر، سی پی او محمد احسن یونس، حساس اداروں کے افسران، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ڈویژنل ایس پیز اور دیگر سینئر پولیس افسران و اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید اے ایس آئی اسلم فاروقی کا جسد خاکی سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقہ رتہ امرال راولپنڈی روانہ کردیا گیا۔

اس ضمن میں سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں محکمہ کیلئے عزت و تکریم کا باعث ہیں، شہید ہمارے محسن ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، دکھ کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ واقعہ گزشتہ رات 9 بجے مریڑ حسن اور کچری چوک کے نزدیک پیش آیا جس میں ایک ڈرگ ڈیلر ماجد بھی مارا گیا جب کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version