بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئےعمران خان کی عبوری ضمانت میں اکتیس جنوری تک توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ کے معاملے میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
جج رخشندہ شاہین نے سماعت کرتے ہوئے عمران خان سے زمان پارک میں تفتیش کرنے کی استدعا مسترد کردی اور حکم دیا کہ کچھ بھی ہو یقینی بنائیں عمران خان ہر حال میں تفتیشی افسر کے روبرو پیش ہوں گے۔
بینکنگ عدالت نے عمران خان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہر صورت شامل تفتیش ہوں۔
عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرتے ہوئے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کو ذاتی حیثیت میں اکتیس جنوری کو پیش ہونے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ سربراہ تحریکِ انصاف عمران خان کے وکلا کی جانب سے فنڈنگ کیس میں طبی بنیادوں پراستثنی کی درخواست دائرکی گئی جس میں وکلا نے مؤقف اپنایا کہ 3 جنوری کو عمران خان کا چیک اپ ہوا ڈاکٹرز نے مزید دو ہفتے کا بیڈ ریسٹ کا کہا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا نے مؤقف اپنایا کہ ایف آئی اے کو بھی کہا ہے تفتیش کرنی ہے تو زمان پارک آ سکتے ہیں۔ جس کے بعد اسپیشل پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی کے باعث سماعت میں ساڑھے نو بجے تک وقفہ کیا گیا۔
کیس میں شریک ملزمان عامر محمود کیانی، سیف اللہ نیازی سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
درخواستوں پر بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے سماعت کی۔
