اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کا ہے کہ ضلعی عدالتیں نظام انصاف میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالتی نظام میں اصلاحات اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی پر قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں اور نوجوان ججز بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کی بروقت فراہمی ضروری ہے، ضلعی عدالتیں انصاف کی فراہمی کے لیے درکار فہرست ہمیں بھجوائیں، ضلعی عدالتوں اور ہائی کورٹ کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔
یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ملک بھر میں جامع نظام انصاف کے لیے عدلیہ کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا، ایماندارانہ انداز میں اپنے فرائض انجام دیں۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ عدالتوں کو سولر نظام پر منتقل کیا جارہا ہے، عدلیہ کو انٹرنیٹ اور ای لائبریریز کی بہترین سہولت فراہم کی جائے گی۔
انکا کہنا تھا کہ بلوچستان کی تمام تحصلیوں اور اضلاع میں سولر سمیت بنیادی ضروریات پر کام جاری ہے، تھر پارکر کی تحصیل ننگر پارکر میں سولر سمیت تمام سہولیات موجود ہیں، خواتین اور بچوں کے لیے سہولت سینٹرز کی فراہمی پر کام ہو رہا ہے۔
یحییٰ آفریدی نے مزید کہا کہ انصاف کی حکمرانی وقت کی ضرورت ہے، انصاف کی فراہمی کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ججز کو سلام پیش کرتے ہیں۔
