وکلا کمپلیکس کی جلد تعمیرکے معاملے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر فریقین کو 16 جنوری کے لیے نوٹس جاری
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں اسلام آباد میں وکلا کمپلیکس کی جلد تعمیرکے معاملے پرورک آرڈر جاری نہ کرنے پر اسلام آباد بار کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پرسیکریٹری وزارت قانون اور چیئرمین سی ڈی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
کیس کی سماعت اسلام ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی جبکہ صدرڈسٹرکٹ بار حفیظ اللہ یعقوب اپنے وکیل شعیب شاہین ایڈووکیٹ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل شعیب شاہین نے مؤقف پیش کیا کہ ورک آرڈر جاری کرکے کام شروع کرنا تھا مگر کچھ نہیں کیا گیا، میں خود فریقین سے ملا، ایک ماہ میں ورک آرڈر جاری کرنے کا کہا گیا تھا۔
وکیل شعیب شاہین نے استدعا کی کہ فریقین کو کل ہی طلب کر لیں جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ یہ عدالت ایسا کوئی تاثر نہیں دینا چاہتی کہ اپنے کاموں میں تیزی دکھاتے ہیں۔ میں ڈائریکٹ کبھی کسی کو نہیں بلاتا۔
چیف جسسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اگلا پیر یا منگل رکھ لیتے ہیں جو مناسب طریقہ ہے۔
عدالتِ عالیہ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 16 جنوری تک ملتوی کردی۔
