Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی سی بی نے پاکستان جونیئر لیگ کے شرکاء کے واجبات ادا کر دیے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان جونیئر لیگ کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے زیر التواء واجبات کی ادائیگی کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامی کمیٹی کے رکن شکیل شیخ کی تصدیق کے مطابق اکتوبر 2022 میں منعقد ہونے والی پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) کے افتتاحی ایڈیشن کے تمام شرکاء کے زیر التواء واجبات کی ادائیگی کر دی گئی ہے۔

انتظامی کمیٹی کے رکن شکیل شیخ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ان ادائیگیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رمیز راجہ نے بڑے پیمانے پر 4.3 ملین ڈالرز کے بقایا جات چھوڑے اور اپنے لیے ایک بلٹ پروف کار خریدی۔

رپورٹس کے مطابق اوور سیز کھلاڑیوں کو واجب الادا رقم کا صرف 70 فیصد ادا کیا گیا اور مقامی کھلاڑیوں کو پی سی بی سے ان کی کمائی نہیں ملی۔

پی سی بی کی نئی انتظامی کمیٹی نے نجم سیٹھی کے بورڈ کی سربراہی میں واپس آنے کے بعد پی جے ایل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجہ صرف ایک سیزن کے بعد پی جے ایل کو ختم کرنے کے فیصلے سے خوش نہیں تھے اور کہا تھا کہ پی جے ایل کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا گیا۔

پی سی بی پاکستان جونیئر لیگ کے بجائے جونیئر کھلاڑیوں کے لیے ہوم اور اوے سیریز کا انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور بورڈ کے اعلیٰ حکام کے درمیان پاکستان سپر لیگ کی ابھرتی ہوئی کیٹیگری میں انڈر 19 کھلاڑیوں کو شامل کرنے کے بارے میں بات چیت ہوئی۔

یاد رہے کہ بہاولپور رائلز نے پی جے ایل کا پہلا اور واحد ایڈیشن جیتا تھا اور باسط علی کو شاندار بلے بازی پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version