علی پور کے علاقے میں غیریت کے نام پر 8 افراد نے خاتون پر کلہاڑیوں سے حملہ کردیا جس کے بعد خاتون کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں تھانہ صدر کی حدود بندے شاہ کے قریب علی پور سے کراچی کے لئے روانہ ہونے والی صائمہ بی بی پر 8 مسلح افراد نے حملہ کردیااورکلہاڑیوں کے وار کئے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ صائمہ بی بی اپنے شوہر کے ساتھ گھر سے بس اسٹینڈ کے لئے روانہ ہوئی تھی کہ جس دوران حملہ کیا گیا،8 مسلح افراد نے صائمہ بی بی پر کلہاڑیوں سے وار کئے جس سے صائمہ بی بی کی گردن اور سر پر شدید چوٹیں آئیں اور اسے تشویشناک حالت میں علی پور کے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹی ایچ کیو میں فوری طبعی امداد دینے کے بعد صائمہ بی بی کی حالت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اسے وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں ریفر کردیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ صائمہ بی بی نے چار سال قبل پسند کی شادی کی تھی جس کے بعد سے وہ کراچی میں رہائش پزیر تھی، تین روز قبل صائمہ بی بی اپنے رشتہ داروں سے ملنے آئی تھی اور واپس کراچی کے لئے روانہ ہورہی تھی جس دوران اس پر قاتلانہ حملہکردیا گیا ۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ اس وقعے کع بعد صائمہ بی بی کے خاوند عرفان کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے جاری ہیں اور انھیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
