Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی نے محسن نقوی کے نگران وزیراعلیٰ تقرری کا فیصلہ مسترد کردیا

پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا۔

سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے کبھی مایوس نہیں کیا،  محسن نقوی جیسے متنازعہ شخص کو وزیراعلی مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،  کارکنان تیاری کریں عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں؛ محسن رضا نقوی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب مقرر

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے پنی ٹوئٹ میں کہا کہ جب نظام یکطرفہ ہو جائے تو فیصلے سڑکوں پر ہوتے ہیں، انتہائی غیرجانبدار ناموں کی موجودگی میں شہباز شریف اور زدراری کے فرنٹ مین کو قائم مقام وزیراعلی لگانا پورے نظام کو ننگا کرگیا۔

پی ٹٰی آئی کے سینئر رہنما بابر اعوان نے فیصلے کے خلاف قانونی اور آئینی آپشن استعمال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  الیکشن کمیشن نے پھر ثابت کیا، وہ اور پی ڈی ایم ایک ہی ہیں، الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کے ذیلی ادارے کے طور پر کام کرنا ہے تو غریب عوام کے پیسے پر بھاری بھرکم مراعات چھوڑ کر، سیاست میں حصہ لیں۔

واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کردیا گیا ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version