پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا۔
سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے کبھی مایوس نہیں کیا، محسن نقوی جیسے متنازعہ شخص کو وزیراعلی مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے کبھی مایوس نہیں کیا، محسن نقوی جیسے متنازعہ سخص کو وزیر اعلی مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ، اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کے علاوہ کوئ راستہ نہیں ۔۔ کارکنان تیاری کریں عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) January 22, 2023
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، کارکنان تیاری کریں عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں؛ محسن رضا نقوی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب مقرر
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے پنی ٹوئٹ میں کہا کہ جب نظام یکطرفہ ہو جائے تو فیصلے سڑکوں پر ہوتے ہیں، انتہائی غیرجانبدار ناموں کی موجودگی میں شہباز شریف اور زدراری کے فرنٹ مین کو قائم مقام وزیراعلی لگانا پورے نظام کو ننگا کرگیا۔
جب نظام یکطرفہ ہو جائے تو فیصلے سڑکوں پر ہوتے ہیں۔ انتہائی غیر جانبدار ناموں کی موجودگی میں شہباز شریف اور زدراری کے فرنٹ مین کو قائم مقام وزیراعلی لگانا پورے نظام کو ننگا کر گیا۔
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) January 22, 2023
پی ٹٰی آئی کے سینئر رہنما بابر اعوان نے فیصلے کے خلاف قانونی اور آئینی آپشن استعمال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پھر ثابت کیا، وہ اور پی ڈی ایم ایک ہی ہیں، الیکشن کمیشن نے اپوزیشن کے ذیلی ادارے کے طور پر کام کرنا ہے تو غریب عوام کے پیسے پر بھاری بھرکم مراعات چھوڑ کر، سیاست میں حصہ لیں۔
واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں محسن نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کردیا گیا ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
