یورپی یونین کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین اپنے ایک بڑے وفد کے ساتھ جنگ زدہ یوکرین پہنچ گئی ہیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یورپی کمیشن کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین کمشنروں کی ایک ٹیم کے ساتھ کیف پہنچی ہیں جہاں جنگ زدہ ملک میں یوکرین-یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گی۔
یورپی کمیشن کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا کہ کیف میں واپس آ کر اچھا لگا، روس کے حملے کے بعد یہ میرا چوتھا دورہ ہے۔
ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا کہ ہم یہاں یہ دکھانے کے لیے اکٹھے ہیں کہ یورپی یونین ہمیشہ کی طرح مضبوطی سے یوکرین کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہماری حمایت اور تعاون یوکرین کے ساتھ مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔
یورپی کمیشن کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین کے ساتھ 15 کمشنرز بھی ہیں جن میں یورپی بلاک کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل بھی شامل ہیں۔
کمیشن نے اس دورے کو روس کی بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت کے پیش نظر یوکرین کے لیے یورپی حمایت کی ایک مضبوط علامت قرار دیا۔
گزشتہ سال فروری میں ماسکو کے حملے کے بعد سے یورپی یونین کے ممالک نے روس پر اقتصادی پابندیوں کی لہروں کو نشانہ بنا کر اور کیف کو ہتھیار بھیج کر یوکرین کی بھرپور حمایت کی ہے۔
گزشتہ سال جون میں یوکرین کو یورپی یونین کے امیدوار کا درجہ دیا گیا تھا۔
