Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایران نے خفیہ زیر زمین ایئر بیس کی ویڈیو جاری کر دی

ایران کی فوج نے امریکہ اور اسرائیل کی اہم مشترکہ فوجی مشقوں کے جواب میں اپنے ایک خفیہ زیر زمین ایئربیس کی وڈیو جاری کر دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایران کی فوج نے امریکہ اور اسرائیل کی اہم مشترکہ مشقوں کے جواب میں اپنی فضائی فوجی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے ایک بڑے اور خفیہ زیر زمین ائیر بیس کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

ایران کی فوج نے فضا سے فائر کرنے والے ایک نئے میزائل کا بھی اعلان کیا جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ دشمن پر طویل فاصلے تک حملہ کر سکتا ہے۔

منگل کو سرکاری ٹیلی ویژن نے اڈے پر مختلف قسم کے لڑاکا طیاروں اور فوجی ڈرونز کی فوٹیج دکھائی، جنہیں “ایگل 44” کا نام دیا گیا، جس کا مقام نامعلوم ہے۔

سرکاری ٹی وی کے اینکر نے کہا کہ اڈے کو پہاڑوں میں کھودا گیا ہے تاکہ اسے امریکی اسٹریٹجک بمبار طیاروں سے گرائے جانے والے گولہ بارود سے بچایا جا سکے۔

اس ویڈیو کی فلمبندی کے دوران اعلیٰ فوجی حکام نے بھی شرکت کی تھی۔

واضح رہے کہ یہ ویڈیو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے اپنی اب تک کی سب سے بڑی مشترکہ مشقوں کے انعقاد کے دو ہفتے سے بھی کم وقت کے بعد جاری ہوئی۔

ایران اور اسرائیل کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران اس مشق میں بحری جہازوں اور توپ خانے کے نظام کے علاوہ ہزاروں فوجیوں اور درجنوں طیاروں کا استعمال کیا گیا تھا.

یہ مشترکہ مشق ایران کی جانب سے اپنی فوجی تیاری کو ظاہر کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر مشقوں کے انعقاد کے چند دن بعد ہوئی تھی۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کے اینکر نے امریکہ اور اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاید انہیں ایران کا پیغام صحیح طور پر نہیں ملا تھا۔ ایران اب ایک بار پھر پیغام بھیج رہا ہے، یہ پہاڑوں کے اندر سے گڑگڑانے کی آواز ہے.

سرکاری ٹیلی ویژن نے دن اور رات میں فضائی مشق کرنے کے لیے لڑاکا طیاروں کے اڑان بھرنے کی فوٹیج دکھائی اور مزید کہا کہ ان کارروائیوں کا پیغام یہ ہے کہ اب ہم خطے میں بڑی فضائی طاقت ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version