Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بارکھان واقعہ؛ مغوی خاتون گراں ناز بیٹی اور بیٹوں سمیت بازیاب

پولیس اور لیویز نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران خان محمد مری کی اہلیہ مغوی گراں ناز کو بیٹی اور بیٹوں سمیت بازیاب کرا لیا۔

تفصیلات کے مطابق بارکھان واقعے میں پولیس مغویوں کی بازیابی کیلئے سردار عبدالرحمن کی دیگر خفیہ رہائشگاہوں پر بھی چھاپے مار رہی تھی جب کہ گزشتہ روز پولیس نے بارکھان میں خاتون اور اس کے 2 بیٹوں کے قتل کے الزام میں بلوچستان کے برطرف وزیر مواصلات سردار عبدالرحمان کھیتران کو گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری سلمان چوہدری کی سربراہی میں خصوصی تحقیقات ٹیم تشکیل دے گئی ہے، ڈی آئی جی کوئٹہ،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ،ایس ایس پی انویسٹی گیشن کوئٹہ ٹیم میں شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ مغوی خاتون گراں ناز، اس کی بیٹی اور بیٹوں کو کوہلو سے بازیاب کروایا گیا۔ لیویز اور پولیس ذرائع کے  مطابق مغویوں کو کمشنر ژوب ڈویژن کے حوالے کردیا گیا ہے، بازیاب افراد کو قانونی کارروائی کے بعد اہل خانہ کے حوالے کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں؛ برطرف صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران گرفتار

کوہلو میں ابتدائی چھاپے میں خان محمد کی اہلیہ ، بیٹی اور بیٹے کو بازیاب کرایا گیا اور پھر دیگر مغوی بچے ،عبدالغفار، عبدالستار بھی بازیاب کرا لیے گئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق ایک مغوی بچے کو دکی جب کہ 2 بچوں کو بارکھان ڈیرہ بگٹی بارڈر کے علاقے سے خفیہ اطلاع پر چھاپا مار کر بازیاب کرایا گیا، اغوا کاروں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے مزاحمت کی کوشش نہیں کی اور آپریشن کے دوران کوئی گرفتاری بھی عمل میں نہیں آئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اہل خانہ کے تمام 6 افراد سرکار کی حفاظتی تحویل میں ہیں۔ سرکاری حکام کے مطابق گراں ناز اور ان کے بچوں کو میڈیا کے سامنے لاکر تمام تفصیلات دی جائیں گے۔

واضح رہے کہ بارکھان واقعے پر وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے سامنے لواحقین نے لاشوں کے ہمراہ دھرنا دے رکھا تھا اور کل رات تک مذاکرات پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version