Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اے این پی ہمیشہ سے خواتین اور مردوں کی برابری پر یقین رکھتی ہے، اسفندیارولی

اسفندیارولی نے کہا ہے کہ اے این پی ہمیشہ سے خواتین اور مردوں کی برابری پر یقین رکھتی ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اے این پی سربراہ اسفندیارولی خان نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ خواتین کا عالمی دن تقاضا کرتا ہے کہ انہیں معاشرے میں انکا جائز مقام دلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تیسری دنیا کے اکثر ممالک میں خواتین اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، خواتین رسم و رواج کی زنجیروں میں بندھی اب بھی اپنی شناخت کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

اسفندیارولی خان نے یہ بھی کہا کہ خواتین کو جب تک برابری کی بنیاد پر حق نہیں دیا جاتا تب تک ترقی یافتہ معاشرے کا قیام ممکن نہیں، ترقی کی جانب پیش قدمی کیلئے منفی سوچ کو تبدیل کرنا ہوگا۔

اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ خواتین کا عالمی دن ہمدردی ظاہر کرنے کی بجائے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے استعمال کیا جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اے این پی ہمیشہ سے خواتین اور مردوں کی برابری پر یقین رکھتی ہے اور ہمیں یہ سوچ باچا خان بابا سے ورثے میں ملی ہے۔

اسفندیارولی خان نے کہا کہ خدائی خدمتگار تحریک سے لے کر عوامی نیشنل پارٹی تک خواتین کو ہر فورم پر نمائندگی کا حص حاصل ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج بھی اے این پی میں خواتین کا الگ عہدہ نہیں بلکہ مرکز سے یونین کونسل تک ہر تنظیمی عہدے پر برابر نمائندگی حاصل ہے۔

اے این پی سربراہ اسفندیارولی خان مزید کہا کہ پختون خواتین نے اپنی صلاحیتوں، ذہانت، صبرو استقلال اور ناقابل یقین عزم و حوصلے سے ہر شعبے میں اپنا نام کمایا ہے جبکہ ملالئی آف میوند سے لے کر بیگم نسیم ولی خان اور ملالہ یوسفزئی تک دنیا بھر میں پشتون خواتین نے نام کمایا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version