جنوبی کوریا کی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے سمندری علاقے میں ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی خبروں کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے مغربی ساحلی شہر نمپو کے قریب ایک علاقے سے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ میزائل تجربہ اس وقت ہوا ہے جب شمالی کوریا نے خبردار کیا تھا کہ اس کے کسی بھی میزائل کو مار گرانے کے اقدام کو ’اعلان جنگ‘ تصور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی کوریا کو خوراک کے شدید بحران کا سامنا ہے، ماہرین
جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ اسے پتہ چلا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے مغربی ساحل سے دور سمندر کی طرف ایک مختصر فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل داغا ہے۔
جنوبی کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے کہا کہ آج شام تقریباً 6 بجکر 20 منٹ پر مغربی ساحلی شہر نمپو کے قریب ایک علاقے سے ہتھیار سے فائر کیا گیا، انہوں نے فوری طور پر اس بات کا اندازہ جاری نہیں کیا کہ میزائل نے کتنی دور تک پرواز کی۔
یہ میزائل تجربہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بااثر بہن کم یو جونگ کے منگل کو خبردار کرنے کے بیان کے بعد کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا ان کا ملک امریکہ اور جنوبی کوریا کے خلاف فوری زبردست کارروائی کرنے کے لیے تیار ہے.
یہ بھی پڑھیں : شمالی کوریا کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہن کم یو جونگ نے مزید کہا تھا کہ کیونکہ اتحادی اپنی فوجی تربیت کو وسعت دے رہے ہیں اس لیے شمالی کوریا بڑھتے ہوئے جوہری خطرے سے نمٹنے کے اقدامات کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکہ اور جنوبی کوریا 13 مارچ سے شروع ہونے والی کم از کم 10 دنوں تک بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں کریں گے جنہیں فریڈم شیلڈ مشق کا نام دیا گیا ہے۔
شمالی کوریا نے امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشقوں کے بعد اپنے میزائل تجربات اور فوجی مشقوں کو جائز جوابی اقدامات قرار دیا ہے۔
امریکہ نے پیر کے روز جنوبی کوریا کے لڑاکا طیاروں کے ساتھ اپنے جدید ترین اسٹیلتھ طیارہ بی 52 بھی مشق میں استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ شمالی کوریا کے جوہری اور میزائل خطرات کے خلاف طاقت کا مظاہرہ تھا
