ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے آغا کان پارک بیڈمنٹن کورٹ کلفٹن کراچی کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بیڈمنٹن کورٹ 1.8 ملین روپے کی لاگت سے سندھ حکومت نے تعمیر کروایا، بیڈمنٹن کورٹ ٹارگٹ سے تین ماہ قبل مکمل کیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بیڈمنٹن کورٹ کلک پروجیکٹ کے تعاون سے کے ایم سی نے مکمل کروایا ، عالمی معیار کے کورٹ سے علاقے کے نوجوان کھلاڑی مستفید ہوسکیں گے۔
وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کا بیڈمنٹن کورٹ علاقے کے عوام کیلئے حکومت کی جانب سے تحفہ ہے، بیڈمنٹن کورٹ میں نیشنل اور انٹرنیشنل لیول کے میچز کا انعقاد ممکن ہوسکے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے، سندھ بھر میں کھیل کے میدانوں کو آباد کرنا چیئرمین بلاول بھٹو کا وژن ہے۔
وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی خصوصی ہدایات ہیں کہ صوبے کے نوجونوں کو کھیلوں کے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں۔
وزیر بلدیات ناصر شاہ کے ہمراہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کلک (ورلڈ بینک) پروگرام آصف جان صدیقی، ایم سی کے ایم سی سید شجاعت، ڈی جی ٹیکنکل سروسز کے ایم سی اظہر علی شاہ کے علاوہ دیگر افسران بھی تھے۔
