وزیرخزانہ نے کہا ہے کہ حکومت امریکا کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی انڈرسکریٹری برینٹ نیمن کی ملاقات ہوئی جس میں وزیرخزانہ نے امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تاریخی اور پائیدار دو طرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔
ملاقات میں وزیرخزانہ نے معاشی استحکام کیلئے حکومتی پالیسیوں اور پروگراموں سے بھی آگاہ کیا جبکہ اسحاق ڈار نے امریکی وفد کو آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے میں تعاون پر امریکی انتظامیہ اور امریکی محکمہ خزانہ کا شکریہ ادا کیا جس پر برینٹ نیمن نے بھی حکومت کی جانب سے مانیٹری اور فسکل پالیسی میں بروقت اصلاحات کے اقدامات کو سراہا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے امریکا کی حمایت اور تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکا کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
ملاقات میں امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی انڈرسکریٹری برینٹ نیمن نے پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کیلئے ایسے اقدامات اور پالیسیوں کے تسلسل پر زور دیا جبکہ برینٹ نیمن نے پاک امریکا اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
امریکا کے ڈپٹی انڈر سیکرٹری خزانہ برینٹ نیمن نے پاکستان کی برآمدات کی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا کے عالمی تعلقات کا اہم شراکت دار رہا ہے، پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں۔
پاکستان میں امریکی سفیرڈونلڈ بلوم بھی ملاقات میں شریک تھے۔
