8، 9 اور 10 محرم الحرام کو جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تمام کمشنرز اور آرپی اوز کو بارشوں کے پیش نظرجلوسوں اور مجالس کے لئے ضروری پیشگی پلان تیار کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں محرم الحرام خصوصا یوم عاشور کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں غیر ملکی شہریوں خصوصا چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے کئے گئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شر پسندوں کے خلاف پراسیکیوشن کے عمل کا جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں انسپکٹرجنرل پولیس نے محسن نقوی کو محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں 8 ، 9 اور 10 محرم الحرام کو جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا گیا جبکہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فوج، رینجرز اور پولیس کے چاک و چوبند دستے فلیگ مارچ کریں گے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ مرتب کئے گئے ضابطہ اخلاق کی پابندی کرائی جائے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے، امن کمیٹیوں کے ارکین اور منتخب نمائندے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، عسکری ورینجرز کے اعلی حکام، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، سیکرٹریز قانون، پراسکیوشن، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
