صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے باجوڑ میں جمیعت علمائے اسلام کے ورکرز کنویشن میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے باجوڑ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار اور جانبحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا ہے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے خاندانوں اور جے یو آئی سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی اور خیبر پختونخوا کی حکومت دہشت گردوں کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لائے، دہشتگردی کے منصوبہ سازوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی قائدین اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے، دھماکے کا مقصد ملک میں افراتفری کی صورت حال پیدا کرنا ہے، دہشتگرد عناصر اور انکے سرپرست ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے، حکومت سے مطالبہ کر تے ہیں کہ وہ بم دھماکے کی فوری اور مکمل تحقیقات کروائے۔
ادھر اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے باجوڑ کے صدر مقام خار میں جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کنونشن میں بم دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ ضلع باجوڑ میں جے یو آئی کے کنونشن میں دھماکے کی شدید مذمت کرتا ہوں، قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس ہوا، شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا گو ہوں۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ہم مٹھی بھر دہشت گرد عناصر کو جلد ختم کر کے دم لیں گے۔ملک دشمن عناصر افراتفری پھیلانا چاہتے ہیں، واقعے کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، واقع کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
