شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ ہمیں قانونی جنگ لڑنی ہے اور سیاسی جدوجہد بھی جاری رکھنی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور قوم میں پائے جانے والے اضطراب سے بخوبی آگاہ ہیں، آج کے عدالتی فیصلے کو عوام نے انصاف کے تقاضوں کے برعکس جانا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دستور کے آرٹیکل 10 اے کے تحت انہیں فیئر ٹرائل کا بنیادی حق میسّر نہیں ہوا، ہم سب نے مل کر چیئرمین تحریک انصاف کی آزادی کی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ہم نے پرامن انداز میں آگے بڑھنا ہے، ہمیں قانونی جنگ بھی لڑنی ہے اور سیاسی جدوجہد بھی جاری رکھنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی واضح ہدایات اور گائیڈ لائنز کی روشنی میں آگے بڑھنا ہے، پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت ہوئی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج کور کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے، کور کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قوم میں اضطراب، غم و غصہ اور ردعمل کی کیفیت فطری ہے، کارکنان اور عوام احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں، آئین انہیں اس کا پورا حق دیتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ہم نے نہ قانون کو ہاتھ میں لینا ہے نہ ہی املاک کو کسی قسم کا نقصان پہنچانا ہے مگر حقیقی آزادی کی اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہے۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کارکنان اور عوام کو میسّر آئینی حق سلب نہیں کیا جاسکتا، وکلاء سے مشاورت اور کورکمیٹی کے فیصلوں کی کی روشنی میں آگے بڑھیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
