Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نامزد نگران وزیراعظم کا سینیٹ کی رکنیت اور بی اے پی سے مستعفی ہونےکا فیصلہ

نامزد نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سینیٹ سے مستعفی ہونےکا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انوار الحق کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں سینیٹ سے مستعفی ہونے کے فیصلےکی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیں گے۔

نامزد نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اب چونکہ ان کی ذمہ داری ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے جس کے لیے انہوں نے الیکشن کمیشن سے تعاون کرنا ہے اور انہیں اپنی غیر جانبداری ثابت کرنے کا تقاضہ پورا کرنا ہے، اس لیے انہوں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

انوار الحق کاکڑ پاکستان کے 8 ویں نگراں وزیراعظم مقرر

وزیراعظم شہبازشریف اوراپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجا ریاض کے درمیان ملاقات میں سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق ہوگیا، وزیرِاعظم اور قائد حزب اختلاف نے مشترکہ طور پر دستخط کرکے ایڈوائس صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوائی۔

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے انوارالحق کاکڑ کی بطورنگران وزیراعظم تعیناتی کی منظوری دے دی ، صدر نے تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت دی ہے۔

دوسری جانب اپنے ایک بیان میں سینیٹرانوارالحق نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہے جس نے مجھے پاکستان کے نگراں وزیراعظم کے طورپر قوم کی خدمت کرنے کا موقع دیا۔  انشااللہ میں عوام کے حق میں فیصلے کروں گا اور جو پاکستان کے حق میں ہوگا۔

انوار الحق کاکڑ کو وزیراعظم کا پروٹوکول دے دیا گیا

علاوہ ازیں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوار الحق کاکڑ کو وزیراعظم کا پروٹوکول دے دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیر اعظم کا پروٹوکول دے دیا گیا اور ایوان صدر میں نگران وزیراعظم کے حلف کے لئے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version