گورنر سندھ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کو 14 اگست کے جشن سے تبدیل کریں گے۔
14 اگست کو ہونے والی ریلی کے انتظامات کے لئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوریکی صدارت اجلاس ہوا جس میں ریلی کی سیکورٹی کے انتظامات، اختتام پر ثقافتی پروگرام پر تبادلہ خیال ہوا۔
اجلاس میں کمشنر کراچی اقبال میمن، ڈپٹی کمشنر ایسٹ، پولیس افسران نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ، جے ڈی سی کے روح رواں ظفر عباس، دانیال ناگوری اور گورنر ہاﺅس کے افسران بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنی فیملی کے ساتھ شریک ہوں، ہمیں بھارت کے قومی ترانے کا ریکارڈ توڑنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کو بھرپور طریقہ سے منانے کے لئے ریلی اور ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے، آئیے اس بات کا عہد کریں کہ مادر وطن کے دفاع، سالمیت اور استحکام کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
کامران خان ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ 9 مئی کے واقعات کو 14 اگست کے جشن سے تبدیل کریں گے، شاہراہ فیصل سے نمائش چورنگی تک ریلی کے دوران قومی پرچم عوام میں تقسیم کئے جائیں گے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ قرعہ اندازی کے ذریعہ کار، عمرے کے ٹکٹ، موٹر سائیکل، لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور پلاٹ دئیے جائیں گے۔
