Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نوازشریف اکتوبر میں پاکستان واپس آکر قانون کا سامنا کریں گے، شہباز شریف

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف اکتوبر میں پاکستان واپس آکر قانون کا سامنا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف جیل میں اور کلثوم نواز لندن میں ہسپتال میں تھیں، نوازشریف کی کوشش کے باوجود انکی اپنی بیمار اہلیہ سے بات نہیں کرائی گئی۔

سابق وزیر اعظم نےکہا کہ ایک سو دن تک نوازشریف روزانہ بیٹی کے ہمراہ احتساب عدالت پیش ہوتے رہے، نوازشریف پر رات تک جرح ہوتی تھی۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ دوہرے معیار نے انصاف کو برباد کر دیا ہے، نوازشریف پاکستان آئین گے اور قانون کا سامنا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئین کے مطابق اسمبلیاں تحلیل کر دیں، الیکشن کروانا چیف الیکشن کمشنر کی آئینی وقانونی ذمہ داری ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ پارٹی کی سینئر قیادت نے فیصلہ کر لیا ہے، نوازشریف اکتوبر میں پاکستان آئیں گے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ چار سو پاکستانیوں کے پانامہ میں نام تھے کسی نے پوچھا تک نہیں، نوازشریف کو پانامہ میں بے بنیاد طور پر سازش میں ملوث کیا، پانامہ میں نوازشریف کا دور دور تک نام نہیں تھا۔

گفتگو کے دوران صحافی نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ کیا نوازشریف کو واپسی پر انصاف ملے گا؟ جس پر سابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ بعض (ججز) کو ہدایت عطا فرمائے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version