آسٹریلیا میں فوجی مشقوں کے دوران امریکی فوجی ہیلی کاپٹرگر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے۔
شمالی آسٹریلیا کے علاقے ڈارون سے 60 کلو میٹر دور ایک جزیرے کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ اوسپرے وی-22 ہیلی کاپٹر میں 23 امریکی فوجی موجود تھے اور حادثے کے نتیجے 3 فوجی ہلاک ہوگئے۔
آسٹریلیا کی وزارت دفاع کے مطابق یہ حادثہ آسٹریلیا، امریکا، مشرقی تیمور، انڈونیشیا اور فلپائن کی افواج کی مشترکہ تربیتی مشقوں کے دوران پیش آیا۔
آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اسے ‘المناک’ سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہماری توجہ حادثے میں متاثر ہونے والے افراد کو بچانے پر مرکوز ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق 5 امریکی فوجیوں کو علاج کے لیے ڈارون منتقل کیا گیا ہے اور باقی معمولی زخمیوں کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔
