اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں نے ہمیشہ ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے انٹرنیشنل بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے تحت ہونے والے ورلڈ بلائنڈ گیمز 2023 میں پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے بھرپور کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا جو کہ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ آئی بی ایس اے ورلڈ گیمز 2023 کے پورے ٹورنامنٹ میں پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم ناقابلِ شکست رہی اور پوری قوم کو اپنے کھلاڑیوں کی جیت پر فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم دنیا بھر میں اپنے ملک کا نام روشن کر رہی ہے جبکہ پاکستانی نوجوانوں نے ہمیشہ ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے۔
پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستان کے نوجوان کسی سے کم نہیں ہیں اور بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ہمیشہ یہ ثابت کیا ہے کہ محنت اور لگن سے جیت کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے پر تعریف کے مستحق ہیں اور حکومت پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔
