محسن نقوی نے کہا ہےکہ ہمارے فنکاروں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے فنکاروں کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں محسن نقوی نے فنکاروں کے مسائل سنے او ران کے حل کیلئے یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں محسن نقوی نے کہا کہ آرٹسٹ کی کوئی پنشن نہیں، بڑھاپے میں بھی وہ محنت کرتا ہے، پنجاب کابینہ نے فنکاروں،گلوکاروں،رائٹرز اور دیگر آرٹسٹ کے لئے 50کروڑ روپے کا انڈوومنٹ قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آرٹسٹ اور فنکاروں کی فلاح و بہبود چاہتے ہیں، جلد ہی آرٹسٹ اور فنکاروں کے لئے ا نڈوومنٹ فنڈ کے لئے رقم جاری کرد ی جائے گی جبکہ آرٹسٹ اور فنکاروں کی قابل عمل سفارشات کا جائزہ لیں گے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ ہمارے فنکاروں اور گلوکاروں نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے، اپنے آرٹسٹ اور فنکاروں کے لئے ہماری خدمات حاضر ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسٹیج ڈراموں کے معیار کی بہتری کے لئے کام کیا جارہا ہے جبکہ آرٹسٹوں کے ساتھ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کررہے ہیں۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ ڈرامہ،فلم انڈسٹری اور آرٹسٹ سب لوگ ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ نازیبا ویڈیوز کے باعث اسٹیج ڈرامہ پر پابندی عائد کی اور یہ ویڈیوز انتہائی قابل اعتراض تھیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ڈرامہ انڈسٹری کو کسی قسم کا نقصان پہنچانا نہیں بلکہ اصلاح کرنا ہے، اسٹیج ڈرامو ں کے حوالے سے ایس او پیز بنائے ہیں۔
فنکاروں کے وفد نے پنجاب کابینہ کی جانب سے 50کروڑ روپے کے انڈوومنٹ کے قیام پر وزیراعلیٰ محسن نقوی،صوبائی وزیرعامر میر اور دیگر وزراء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب کابینہ نے فنکاروں کے لئے بہت بڑا کام کیا ہے، آرٹسٹ آپ کے اس کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
فنکاروں کے وفد میں ریشم، اورنگ زیب لغاری، راشد محمود، کلیم پرویز، شہزاد رفیق، حسن مراد، افتخار ٹھاکر، گوشی خان، عارف لوہار، وارث بیگ، ترنم ناز، ایوب خاور، ناصر ادیب، نعیم طاہر، جاوید رضوی، روحی خان، پرویز رضا، ذوالفقار علی اور دیگر شامل تھے۔
صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عامر میر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اطلاعات وثقافت، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
