Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مستونگ اور ہنگو میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ اور ہنگو دہشت گردانہ حملے ملک کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔

سراج الحق نے کہا کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات سے ہر شخص پریشان ہے، حکومت دھماکے کے ذمہ داران کا تعین کرے اور انہیں سخت سزا دے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا  کہ گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ہے ، دہشت گردی کی لہر میں عبادت گاہیں اور بازار محفوظ نہیں ہیں۔

مستونگ: عید میلاد النبیﷺ کے جلوس میں خودکش دھماکا

یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں ہونے والے خود کش دھماکے میں ڈی ایس پی مستونگ سمیت 47 افراد جاں بحق اور 60  سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

ایس ایچ او مستونگ سٹی جاوید لہڑی کے مطابق دھماکا الفلاح روڈ پر ہوا، زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور  اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ مستونگ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 47 ہو گئی ہے جبکہ 60 سے زائد افراد زخمی ہیں، جاں بحق افراد میں ڈی ایس پی نواز گشگوری بھی شامل ہیں جبکہ دھماکے کے زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔

ہنگو: نمازِ جمعہ میں خودکش دھماکا، 4 افراد جاں بحق

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے کوہاٹ ڈویژن کے ضلع ہنگو کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے خطبے کے دوران دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔

ڈی پی او ہنگو نثار احمد کے مطابق تھانہ دوآبہ کی حدود میں مسجد کے اندر دھماکا ہوا، جاں بحق افراد میں 3 شہری اور 1 پولیس اہلکار شامل ہیں۔

ڈی پی او کا کہنا ہے کہ دوآبہ تھانے پر 2 خودکش حملے ہوئے، ایک خودکش دھماکا تھانے کے گیٹ پر  جبکہ دوسرا خودکش دھماکا تھانے کے اندر مسجد میں ہوا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version