Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد پرُ امن ہے، سلطان محمود چوہدری

سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد پرُ امن ہے۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مظفرآباد کے ہائی کورٹ گراؤنڈ میں آزاد کشمیر کے 76 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج آزاد کشمیر کے 76ویں یوم تاسیس کے موقع پر پوری قوم مبارک دیتا ہوں، ہمارے بزرگوں نے غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں یہ خطہ آزاد کرایا ،یہاں تک پہنچنے میں شہیدوں کا لہو، خواتین کی قربانیاں اور ہجرتوں کا ایک سفر بھی شامل ہے۔

صدر آزاد جموں وکشمیر نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کو فلسطینیوں پر بمباری سے روکے، آزاد جموں و کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں سے ہم پورے شدو مد سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے ہمیشہ جبر و استبداد کے خلاف جدوجہد کی، سکھوں کے خلاف مزاحمت میں سبز علی خان اور ملی خان نے اپنی کھالیں کھنچوائیں اور تحریک آزادی کو اپنے خون سے سینچا ، ان کے سر قلم کیے گئے لیکن انہوں نے ظلم کی اطاعت نہیں کی۔

سلطان محمود چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ ان کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں آج بھی ظلم وبربریت کا بازار گرم ہے، 96ہزار سے زائد عام کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے، 8ہزار سے زائد اجتماعی قبریں دریافت ہو چکی ہیں، 10ہزار سے زائد افراد بھارت کی قابض افواج نے لاپتہ کیے ہیں، 22ہزار خواتین بیوہ کی گئیں، لاکھوں بچے یتیم کیے گئے، دوران حراست کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔

سلطان محمود چوہدری نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی کارکردگی کا فیصلہ عوام کرتے ہیں، آزادی کے بیس کیمپ میں حکومت کے قیام کا مقصد تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجا گرنا اور مقبوضہ کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادی دلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں انتہاء پسند ہندو تنظیموں شیو سینا اور بجرنگ دل کے غنڈوں نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے تمام جبر وظلم کے ہتھکنڈوں میں ناکامی کے بعد ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت بدل دی، 05اگست2019ء میں مودی کی سربراہی میں قائم بھارت کی فاشسٹ حکومت نے کشمیر کا محاصرہ شروع کیا، مقبوضہ جموں و کشمیر کو جیل میں بدل دیا اور 80لاکھ کشمیریوں کی نقل و حمل اور اظہار رائے پر پابندی عائد کر دی، انٹرنیٹ، اخبارات اور ٹیلی فون تک بند کر دئیے۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد پرُ امن ہے، یہ جدوجہد بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے ہے، میں تحریک آزادی کشمیر کے تمام شہداء کو اس موقع پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، انشاء اللہ وہ وقت دورنہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی منزل حاصل کریں گے۔

تقریب میں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق، سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ، وزرائے حکومت ،ممبران اسمبلی، سیکرٹریز ، انسپکٹر جنرل پولیس، اعلیٰ سول و عسکری حکام کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version