نگران وفاقی وزیر توانائی، بجلی اور پٹرولیم محمد علی نے کہا ہے کہ بڑی تعداد میں پاکستانی جنوبی کوریا کی ترقی میں اپنا کردار کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر توانائی، بجلی اور پٹرولیم محمد علی نے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور جمہوریہ کوریا کے سفارت خانے کے زیر اہتمام ”پاکستان اور کوریا کے درمیان دوستی کے 40 سالہ ماضی، حال اور مستقبل“ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کی کمپنیاں پاکستان میں کئی شعبوں میں پہلے ہی کام کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوریا اور پاکستان کو اپنے 40 سالہ سفارتی تعلقات کے بعد توانائی کے شعبے کے ساتھ ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہیے۔
محمد علی نے یہ بھی کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی جنوبی کوریا کی ترقی میں اپنا کردار کررہے ہیں جبکہ کوریا کی کمپنیاں پاکستان میں انرجی اور دیگر شعبوں میں کام کررہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلقات سفارت کاری تک محدود نہیں ہیں، دونوں ممالک کے درمیان توانائی سمیت کئی شعبوں میں قریبی تعاون ہے۔
نگران وفاقی وزیر توانائیکا یہ بھی کہنا تھا کہ کوریا کی کمپنیوں کے لئے پاکستان میں قابل تجدید اور پن بجلی سمیت توانائی کے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا نے پاکستان میں انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں خاص طور پر سرمایہ کاری کی ہے جو پاکستان کی اقتصادی ترقی اور جدت میں بہت زیادہ معاون ہے۔
محمد علی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور کوریا کے مابین تعلقات مشترکہ اقدار اور خواہشات پر قائم ہیں، پاکستان جنوبی کوریا کو اقتصادی ترقی اور تکنیکی ترقی کی تلاش میں ایک قابل قدر اتحادی کے طور پر دیکھتا ہے جبکہ جنوبی کوریا پاکستان کو خطے میں ایک اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔
نگران وفاقی وزیر توانائی، بجلی اور پٹرولیم محمد علی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر قریبی تعاون کرکے عالمی امن اور سلامتی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے، دونوں ممالک نہ صرف عالمی سطح بلکہ ایشیا کے استحکام اور خوشحالی میں بھی اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
افتتاحی تقریب سے نگران وفاقی وزیر توانائی، بجلی اور پیٹرولیم محمد علی کے علاوہ جمہوریہ کوریا کے سفیر پارک کیجون، سابق سیکرٹری خارجہ اور انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل سہیل محمود، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ، جنوبی کوریا میں پاکستان کے سفیر نبیل منیر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔
تقریب میں دونوں ممالک کے سفارت کاروں، ماہرین تعلیم اور دیگر شعبوں کے ماہرین بھی شریک ہوئے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
