Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سپریم کورٹ بار انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ، ووٹوں کی گنتی جاری

 سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں صدر سمیت دیگرعہدوں کے لیے  پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ 

سپریم کورٹ بارکے سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اور اب ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔  وکلا سیاست کے دو بڑے حریف گروپ حامدخان اور عاصمہ جہانگیر گروپ الیکشن میں میدان میں ہیں۔

سپریم کورٹ بارانتخابات کے دوران اسلام آبادرجسٹری میں 678 میں سے586 ووٹ کاسٹ ہوئے۔  ملک بھرمیں قائم 12 پولنگ اسٹیشنزمیں وکلاء نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

خیال رہے کہ عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار شہزاد شوکت اور حامد خان گروپ کے میاں عبدالقدوس سمیت 8 نشستوں کیلئے 21 امیدوار مد مقابل ہیں۔

انتخابات میں ملک بھر سے 3756 ووٹرز وکلاء نے حق رائے دہی استعمال کی، لاہور کے 1348، اسلام آباد راولپنڈی 678، ملتان 243 اور بہاولپور کے 114 وکلاء نے ووٹ کاسٹ کیا۔

ریٹرننگ آفیسرکی جانب سے امیدواروں کی کامیابی کا اعلان 3 نومبر کو کیا جائے گا۔

صدارت کے عہدے کے لیے عاصمہ جہانگیر گروپ کے شہزاد شوکت اور حامد خان گروپ کے میاں عبدالقدوس کا تعلق لاہور سے ہے، نائب صدر کی چاروں صوبوں کی چار نشستوں پر 11 امیدوار مدمقابل ہیں، سیکرٹری کی سیٹ پر دو امیدوار سید علی عمران اور سلمان منصور آمنے سامنے ہیں۔

اس کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری کی نشست پر محمد اورنگزیب خان اور سردار شہباز کھوسہ میں مقابلہ ہے۔ فنانس سیکرٹری کی نشست پر 3 امیدوار علی احمد رانا، ریاض حسین اور رفعت اسلام مدمقابل ہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ رجسٹری کے اردگرد سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور غیر متعلقہ افراد کو سپریم کورٹ رجسٹری کی جانب جانے کی اجازت نہیں تھی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version