بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما اور ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ آسٹریلیا کے ہاتھوں آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں شکست نہ بھول سکے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے اعلیٰ عہدیداران نے دہلی میں ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما کیساتھ ویڈیو کال میٹنگ کی جس میں آئی سی سی ورلڈکپ فائنل میں شکست کی وجہ پوچھی گئی۔
میٹنگ میں بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ، نائب صدر راجیو شکلا اور خزانچی آشیش شیلر موجود تھے۔ راہول ڈریوڈ نے ورلڈکپ فائنل میں شکست کا ملبہ احمد آباد اسٹیڈیم میں بنائی گئی پچ پر ڈال دیا جب کہ کپتان روہت شرما نے پچ کو اسپنرز کیلئے سازگار نہ ہونے کا شکوہ کیا۔
دوسری جانب ورلڈکپ 2023 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے روہت شرما نے کہا کہ مبینہ طور پر پچ اتنی نہیں بدلی جتنا ٹیم مینجمنٹ نے سوچا تھا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ایونٹس کے دوران ناک آؤٹ مرحلے کیلئے نئی پچز بنائی جاتی ہیں تاہم بھارت نے اپنی ٹیم کو میگا ایونٹ جتوانے کیلئے پرانی پچز پر میچ کروائے اور اسپنرز کیلئے سازگار پچز بنوائیں جس نے مخالف ٹیم کے خلاف کامیابی تناسب بڑھا دیا۔
میچ سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ پر سوال اٹھائے تھے جبکہ گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ انکی بحث بھی ہوئی تھی۔
ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والے اسٹیڈیم میں بھارت کو ہوم گراؤنڈ کے سامنے آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک شکست ہوئی تھی۔
