Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حماس کیخلاف لڑائی میں سابق اسرائیلی آرمی چیف کے بیٹے کے بعد بھتیجا بھی ہلاک

غزہ میں اسرائیل کو زمینی کارروائیوں کے دوران حماس کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اب ان کے درجنوں اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔ 

القاسم بریگیڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے 40 فوجی اہلکاروں کو ہلاک کیا ہے جب کہ جھڑپ کے دوران سابق اسرائیلی آرمی چیف گاڈی آئزن کوٹ کا بھتیجا بھی ہلاک ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل حماس سے جھڑپ کے دوران سابق اسرائیلی آرمی چیف گاڈی آئزن کوٹ کے بیٹے گال آئزن کوٹ سمیت ایک میجر ہلاک ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حماس سے جھڑپ میں میجر سمیت سابق اسرائیلی آرمی چیف کا بیٹا ہلاک

رپورٹ کے مطابق غزہ میں حماس کی جانب سے سابق آرمی چیف اور موجودہ جنگی امور کے وزیر کے فوجی بیٹا اور بھتیجے سمیت 100 کے قریب اہلکاروں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

خود اسرائیلی میڈیا نے تسلیم کیا کہ حماس کے ساتھ تازہ ترین جھڑپ میں ہمارے 5 فوجی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ جھڑپ کے دوران 12 اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جن میں 4 کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیل کے حملوں میں اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں  جس میں نصف سے زائد تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اس کے علاوہ زخمیوں کی تعداد 50 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

اسرائیلی برّی فوج نے اکتوبر کے آخر میں غزہ میں داخل ہوکر زمینی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا اور تاحال حماس کے ہاتھوں مارے جانے والے اہلکاروں کی تعداد 97 ہوچکی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version