وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا پرچم اقلیتوں کے بغیر نامکمل ہے،سبز ہلالی پرچم سفید رنگ کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، پاکستان پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کیلئے ہے جب کہ سبز رنگ مسلمانوں کیلئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پنجاب نے سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ لارنس روڈ میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے، جڑانوالہ واقعہ کے آخری ذمہ دارکو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ میں متاثرہ گرجا گھروں اور متاثرین کے گھروں کوفوری طور پر بحال کیا گیا، جلائے گھروں کے مالکان کو مالی امداد دی گئی تاکہ ان کی اشک شوئی ہو سکے، جڑانوالہ واقعہ کے بعد ایسے واقعات سے بچنے کے لئے پنجاب بھر میں میثاق سنٹر قائم کئے، آج لاہور میں سب سے بڑے میثاق سنٹر کا افتتاح کرنے جارہے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس جڑانوالہ کے چرچ میں منعقد کیا گیا، اس اجلاس کا مقصد مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا،اجلاس میں جڑانوالہ میں نقصان کے ازالے اور آئندہ کے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ واقعہ کے بعد مسلمانوں نے مسیحی بہن بھائیوں کی عبادت کیلئے مسجدوں کے دروازں کو کھول دیا، مسیحی بھائیوں کیلئے مسجدوں کے دروازے کھول دینا بہت پرامید بات ہے،جسے قومی اور بین الاقوامی میڈیا پر پذیرائی ملی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کے ساتھ حسن سلوک کا درس نبی پاک ﷺ نے بھی دیا ہے اور قائداعظم محمد علی جناح ؒ نے بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی ہے، دین اسلام بتاتا ہے کہ اقلیتی برادریوں کے ساتھ برابر کا سلوک کیا جائے، مسلمان، مسیحی اور دیگر اقلیتیں سب اکٹھے ہیں، ہم سب پاکستانی ہیں اور ہم سب برابر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پرچم اقلیتوں کے بغیر نامکمل ہے،سبز ہلالی پرچم سفید رنگ کے بغیر مکمل نہیں ہوتا، پاکستان پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کیلئے ہے جب کہ سبز رنگ مسلمانوں کیلئے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبہ میں مسیحی برادری کی گرانقدر خدمات ہیں جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا، بہت سے بہترین تعلیمی ادارے مسیحی برادری چلارہی ہے، سیکرڈ ہارٹ،کانونٹ اور دیگر مسیحی برادری کے تعلیمی اداروں پر فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کے ملازمتوں،داخلے اور دیگر مختص کردہ کوٹے پر عملدرآمدکو یقینی بنارہے ہیں، آج کا دن ہم سب کے لئے اہم ہے،حضرت عیسیٰ علیہ السلام آپ کے بھی ہیں اور ہمارے بھی ہیں، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی ولادت کی خوشیوں میں ہم برابر کے شریک ہیں، مسیحی برادری کو کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں۔
