امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نےکہا ہے کہ پاکستان کے موجودہ مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ظالموں اور جابروں کی نرسریوں میں پلنے والے سیاستدان ملکی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی قانون نام کی چیز نہیں ہے، روایتی سیاستدانوں نے ہمیشہ آئین و قانون کو اپنی منشا کے مطابق ترمیم کرکے نافذ کیا۔
حافظ سعد حسین رضوی نے یہ بھی کہا کہ طاقتور کے لیے رات کو عدالتیں کھول کر مرضی کے فیصلے کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ججز کو من پسند فیصلوں کے بجائے آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کمزور اور طاقتور کو یکساں انصاف فراہم کرنا ہی انصاف کہلاتا ہے، کلمے کی بنیاد پر بننے والے ملک کو طاقت کی بنیاد پرسیکولر نہیں بنانے دینگے۔
حافظ سعد حسین رضوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے موجودہ مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے، کوئی ملکی سالمیت کے خلاف کام کرتا ہے تو اُسے قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے۔
امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچ قوم کی بزرگ ماؤں،بہنوں، بچوں پر جو ظلم ہوا اس کا دلی دکھ ہے، جبری گمشدگیوں کا باب بند ہونا چاہیے، ادارے کب تک جبری گمشدگیوں پر دلیلیں دیتے رہیں گے ۔
