Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشتگرد کبھی بھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے باجوڑ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

انوار الحق نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

نگران وزیراعظم نے حملے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انوار الحق نے کہا کہ پوری قوم سکیورٹی اہلکاروں اور پولیو ورکرز کو سلام پیش کرتی ہے، دہشت گرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

نگران وزیراعظم انوار الحق نے مزید کہا کہ ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری رہےگی، عوام پولیو ویکسین کے حوالے سے کسی بھی منفی پروپیگنڈے کے دھوکے میں نہ آئیں۔

باجوڑ؛ پولیس وین پربم حملہ، پانچ اہلکار شہید

خیبرپختونخوا کے شمالی ضلع باجوڑ میں پولیس ٹرک پر بم حملے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تحصیل ماموند کے علاقے بیلوٹ فرش میں پولیو سیکیورٹی کیلئے جانیوالی پولیس ٹرک کے نزدیک دھماکا ہوا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق بم دھماکے میں 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ چوبیس زخمی ہوئے ہیں جن میں بیشتر کی حالت  تشویش ناک ہے۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ  شہید اہلکاروں میں حبیب الرحیم، مناسب خان، محمد رؤوف، خان محمد، علی رحمان شامل ہیں۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ لاشوں اور زخمیوں کو خار اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، خار اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version