پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق جی ایچ کیو راولپنڈی میں تیسرا اجلاس ہوا جس میں شرکاء نے ابھرتے ہوئے سیکیورٹی ماحول پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے حوالے سے تیسرا اہم اجلاس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوا جس میں باہمی ،تاریخی، برادرانہ قریبی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور اور درپیش ابھرتے ہوئے سیکیورٹی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ فوجی ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی اور مشترکہ مقاصد کی تکمیل کے لئے ریاستی سطح پر دفاعی صنعتی تعاون کی ضرورت پر زور بھی دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اجلاس میں دفاعی پیداوار کے شعبے میں خود کفالت کے حصول کے لئے مختلف شعبوں میں دفاعی تعاون بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا جبکہ فورم نے دفاعی تعاون کی رفتار کو مزید بڑھانے کے لئے نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا گیا۔
