انتخابی نشان بلے کے معاملے پر سپریم کورٹ نے بینچ تشکیل دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں آج تحریک انصاف کے انتخابی بلے کے برقرار رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ ہوگا
پشاور ہائیکورٹ نے بلے کا نشان بحال کر دیا تو ٹھیک ورنہ پی ٹی آئی سپریم کورٹ میں پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کرے گی اور پہلے سے دائر درخواست پر دلائل دے گی۔
سپریم کورٹ نے بلے کے انتخابی نشان دینے کی پی ٹی آئی اپیل پر بینچ تشکیل دے دیا ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ آج سماعت کرے گا۔
بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے بدھ کے روز کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی تھی۔
پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ پشاور ہائی کورٹ بلے کے نشان پر جو بھی فیصلہ کرے جلدازجلد پہلے پہر تک کر دے تاکہ اگر اس کے خلاف فیصلہ آئے تو وہ فوری طور پر سپریم کورٹ میں پہلے سے موجود درخواست کے ساتھ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کر کے سپریم کورٹ کے سامنے اپنا کیس رکھ سکے۔
