اسلام آباد: پاک بحریہ کی مشق سی گارڈ 24 کے سمندری مرحلے کا شمالی بحیرہ عرب میں انعقاد کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کھلے سمندر میں پاک بحریہ کے بحری جہاز، ہیلی کاپٹرز اور اسپیڈ بوٹس نے مشق سی گارڈ 24 میں حصہ لیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مشق میں انسداد بحری قزاقی و منشیات، سرچ اینڈ ریسکیو اور جہاز پر بورڈنگ آپریشنز کا عملی مظاہرہ ہوا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مشق کے دوران سمندر میں موجود منشیات و ممنوعہ اشیاء سے لدی مشتبہ بوٹ، ہائی جیک کیا ہوا بحری جہاز اور سمندر میں گرے ماہی گیر کو بچانے کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ مشق کا بنیادی مقصد جے ایم آئ سی سی (JMICC) کے پلیٹ فارم سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے کو فعال اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنانا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس بلوچستان پر موجود میڈیا کی بڑی تعداد نے سی فیز کی مختلف مشقوں کا مشاہدہ کیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ مشق سی گارڈ کا سی فیز 10 سے 13 جنوری تک جاری رہے گا۔
