Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن کمیشن 8 فروری کو انتخابات کے اپنے وعدے پر قائم ہے، مرتضیٰ سولنگی

مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان 8 فروری 2024ءکو انتخابات کے اپنے وعدے پر قائم ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان جمعرات 8 فروری 2024ءکو انتخابات کے اپنے وعدے اور عزم پر قائم ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نےکہا کہ وفاقی و صوبائی نگران حکومتیں اس ذمہ داری کو نبھانے میں الیکشن کمیشن کی ہر طرح کی انتظامی، مالی اورسکیورٹی ضروریات پوری کریں گی۔

اپنے ٹویٹ میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سینیٹ سے منظور ہونے والی قرارداد نمبر 562 کے حوالے سے الیکشن کمشن آف پاکستان کی جانب سے سینیٹ سیکریٹریٹ کو لکھا گیا خط بھی شیئر کیا۔

الیکشن کمیشن نے خط میں کہا کہ الیکشن کمیشن نے سینیٹ قرارداد کا اجلاس میں جائزہ لیا، الیکشن کمیشن نے صدر مملکت سے مشاورت کے بعد پولنگ کیلئے آٹھ فروری 2024 کی تاریخ مقرر کی۔

خط کے متن کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے کمیشن نے نگران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی ہیں، عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں، ماضی میں بھی عام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات موسم سرما میں ہوتے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے خط میں مزید لکھا کہ الیکشن کمیشن آٹھ فروری کو انتخابات کے لیے سپریم کورٹ میں بھی یقین دہانی کروا چکا ہے، اس مرحلے پر الیکشن کمیشن کے لیے عام انتخابات کو ملتوی کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

اس سے قبل سینیٹ میں الیکشن کے التوا کی قرارداد پیش کرنے والے آزاد سینیٹر دلاور خان نے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھا جس میں کہا گیا کہ سینیٹ نے 5 جنوری کو الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد پاس کی تھی، یہ بات باعث تشویش ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال 8 فروری کے انتخابات ملتوی کرانے کے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

واضح رہے کہ سینیٹر دلاور خان نے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اکثر علاقوں میں سخت سردی ہے، اس وجہ سے ان علاقوں کی الیکشن عمل میں شرکت مشکل ہے جسے ایوان بالا سینیٹ نے کثرت رائے سے منظور کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version