شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بعض عناصر مولا جٹ بننے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن عوام کی بھلائی کے لیے کوششیں نہیں کرتے۔
لاہورمیں پی پی پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل سب سے زیادہ لاہورکی تنظیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ زندہ دلان لاہورنے بھرپور جوش و خروش سے جلسہ میں حصہ لیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کل کا جلسہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرےگا۔ لوگ اب نئی سوچ کی طرف جانا چاہتے ہیں جو پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا نعرہ ہے۔ چنو نئی سوچ کا نعرہ لے کر نفرت کی سیاست کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔
سابق صوبائی وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا میری لڑائی ن لیگ یا تحریک انصاف سے نہیں غربت اور معاشی چیلنجزسے ہے، مشکل حالات میں بھی کبھی پیپلزپارٹی نے ملک کیخلاف کوئی مہم نہیں چلائی۔ جب ن لیگ پر مشکل آتی ہے تو وہ ملک کے اداروں اور مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بھی مشکل حالات میں بدترین صورتحال اپنائی اور اداروں پر حملہ آور ہوئے، پیپلزپارٹی نے تاریخ میں قربانیوں کے باوجود کبھی اداروں کیخلاف مہم نہیں چلائی۔ پی ڈی ایم آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے بنائی تھی، جیسے ہی پی ڈی ایم مضبوط ہوئی تو پیپلزپارٹی کو نکالنے کی بات کرنے لگے۔ ن لیگ تو پی ٹی آئی کے عوام پر ظلم کے سامنے بولتی نہیں تھی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آئینی طریقے سے پی ٹی آئی کو حکومت سے باہر کیا۔ ن لیگ والے جب ہمارے ساتھ حکومت میں تھے ہم اچھے تھے۔ ن لیگ پر جس نے بھی احسان کیا اس کی پیٹھ پر چھرا گھونپا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کارکنوں کو نئی سوچ دینا چاہتے ہیں۔ انتخابات 8 فروری کو ہو رہے ہیں فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کل کے پاورشو کے بعد مسلم لیگ ن بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔ مسلم لیگ ن والے پیپلزپارٹی کو دھمکیاں لگا رہے ہیں۔ بعض عناصرمولا جٹ بننے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن عوام کی بھلائی کے لیے کوششیں نہیں کرتے۔
