این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں انتخابات کے التوا سے متعلق الیکشن کمیشن کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے فیصلے کے مطابق این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا کے ریٹرننگ افسران نے نادرہ کے ڈیتھ سرٹیفیکیٹ کی بنا پر انتخابات ملتوی کیے جب کہ انتخابات کے التوا کے خلاف نون لیگ کے امیدوار ذوالفقار علی بھٹی نے درخواست دائر کی تھی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اف سرگودھا نے بھی الیکشن کمیشن سے وضاحت مانگی تھی، ریٹرننگ افسران کے مطابق مرحوم صادق علی کے بیٹے عبدالسلام نے وفات کی تاریخ 15 جنوری بتائی جب کہ سیکرٹری یونین کونسل کی تصدیق پر ڈیتھ سرٹیفیکیٹ بنایا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا کہ سیکٹری یونین کونسل کے مطابق نمبردار شمشاد علی نے فارم ب کی تصدیق کی، نمبردار شمشاد علی کے مطابق فارم ب پر اس کے دستخط جعلی ہیں جب کہ مرحوم امیدوار کی اہلیہ، بیٹی اور امام مسجد نے وفات دو جنوری کو ہونے کی تصدیق کی۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ڈی آر او کی تحقیقات کے نتیجے میں ثابت ہوا کہ وفات دو جنوری کو ہی ہوئی تھی، ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جعلی بنایا گیا، این اے 83 اور این اے 85 سرگودھا میں انتخابی شیڈول جاری رہے گا۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مرحوم امیدوار کے بیٹے کے خلاف کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی کا حکم دے دیا۔
