Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

روس کیخلاف جنگ کیلئے شہریوں کو فوج میں بھرتی ہونا پڑے گا، سربراہ برطانوی فوج

برطانوی فوج کے سربراہ جنرل سر پیٹرک سینڈرز کا کہنا ہے روس جیسے طاقتور ملک سے جنگ کے لیے شہریوں کو فوج میں بھرتی کرنا پڑے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق لندن میں جنگی امور سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سر پیٹرک سینڈرز کا کہنا تھا کہ روس سے جنگ ہوئی تو ملکی دفاع کے لیے برطانیہ کی ریزرو فوج بھی کم پڑ جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے ایسی صورتحال میں  قومی سطح پر شہریوں کو فوج میں بھرتی کرنے کی بنیاد رکھی جائےتو روس جیسے ملک سے جنگ کے لیے برطانیہ کے لاکھوں شہریوں کو فوج میں بھرتی ہونے  کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

برطانوی فوج کے سربراہ نے کہا کہ تین برسوں میں برطانوی فوج  کی تعداد کو ایک لاکھ 20 ہزار تک لانا ہوگا جس میں عام فوج، ریزرو دستے اور ریٹائرڈ فوجی بھی شامل ہوں گے۔

جنرل سینڈرز کا کہنا تھا کہ مشرق اور شمالی یورپ میں روسی خطرے کو زیادہ شدت سے محسوس کرنے والے دوست ممالک نے قومی سطح پر موبیلائزیشن کی بنیاد پہلے ہی رکھ دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 30 برسوں میں برطانوی فوج تقریباً نصف کردی گئی ہے جبکہ نازک ورلڈ آرڈر کو ہمارے دشمن تباہ کرنے کے خواہشمند ہیں۔

برطانوی فوج کے سربراہ نے کہا کہ   یوکرین کی صورتحال سے یہ بات واضح ہے کہ فوج جنگ شروع کرتی ہے اور عوامی فوج اسے جیتتی ہے۔

دوسری جانب برطانیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف فی الحال شہریوں کو بھرتی کرنے کے حق میں نہیں مگر وہ سمجھتے ہیں کہ تنازعے کے وقت میں شہریوں کو بھی ملکی دفاع  کے لیے شامل کیا جانا چاہیے۔

  برطانوی وزیراعظم رشی سوناک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جنرل سینڈرز کے بیان سے اتفاق نہیں کرتے، حکومت کے پاس نہ تو ایسی تجویز ہے اور نہ ہی ایسا کوئی ارادہ ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version