نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا51 واں اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پٹرولیم زون ون ایف میں کمپنیوں کے لئے بہترویل ہیڈ قیمتوں کی منظوری دی گئی، زون ون ایف میں کے پی کے جنوبی سرحدی، بلوچستان کے مغربی سرحدی علاقے شامل ہیں۔
کونسل نے گیس ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن پالیسی2024کے مسودےکی منظوری دی جبکہ قدرتی گیس کی کمرشل بنیادوں پرفروخت کی شرح10سےبڑھاکر35فیصدکرنےکی بھی منظوری دی گئی۔
قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس، ترقیاتی بجٹ 25-2024 کا جائزہ
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں 80 فیصد تک مکمل منصوبوں کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے صرف 10 فیصد فنڈز، آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ میں صوبوں کے منصوبے شامل نہ کرنے، انضمام قبائلی علاقوں اور صرف 20 پسماندہ اضلاع کے منصوبے شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
قومی اقتصادی کونسل نے فیصلہ کیا کہ ٹھوس ترقیاتی نتائج پر مبنی نئے منصوبے شامل کیے جائیں گے، انضمام شدہ پسماندہ اضلاع کی ترقی کے اہداف کو ترجیح دی جائے، اسکل ڈویلپمنٹ اور یوتھ اینڈومینٹ اسکالرشپ کو بھی جاری رکھا جائے۔
