بلاول بھٹو نے کہا ہےکہ عوام نے8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگا کر شیر کو بھگانا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر میرے ووٹر سے چھیڑ چھاڑ کی تو بانی پی ٹی آئی کو بھول جائیں گے، جانتا ہوں گڑبڑ کرنے والےکون اور کہاں بیٹھے ہیں، لیول پلیئنگ فیلڈ ملتی ہے تو لاہور کی سیٹ جیت کر دکھاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگا کر شیر کو بھگانا ہے، یہ وہ شیر ہے جو عوام کا خون چوستا ہے، میاں صاحب کے حالات بہت ہی پتلے ہیں، تخت لاہور ہل رہا ہے اور پورا ٹبر لاہورکی سڑکوں پر پھر رہا ہے جبکہ میاں صاحب تو اپنی نشست ہار رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ہی راستہ ہے تیر اور شیر کے مقابلے میں عوام پی پی کا ساتھ دیں، یہ تاثر دے رہا ہےکہ ابھی سے وزیراعظم بن گیا ہوں اور اگر یہ پھر وزیراعظم بنتا ہے تو 6ماہ بعد کہےگا مجھےکیوں نکالا؟ کبھی کہتا ہے مجھے کیوں نکالاپھر کہے گا مجھے کیوں بلایا۔
بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ ن لیگ طاقت کے نشے میں ملک کو تقسیم کررہی ہے، یہ لوگ اقتدار ذاتی فائدے کے لیے چاہتے ہیں، یہ لوگ کامیاب ہوگئے تو پھر سے انتقام شروع کردیں گے،8فروری کو تیر پر ٹھپہ لگائیں ہم مل کر شیر کا شکار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ عوام کوبے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں، میدانی سطح پربلوچستان میں پیپلزپارٹی آگے ہی آگے ہے، میاں صاحب نے ملتان جیسے شہر میں کوئی جلسہ نہیں کیا، انہوں نے نہ انتخابی مہم چلائی نہ عوام کے پاس گئے ، چیلنج ہے پی پی جیسا کوئٹہ میں جلسہ کوئی اور کرکے دکھائے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کی وجہ سے ملک کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کے علاوہ کچھ نہیں جانتے، وزیراعظم بننے سے پہلےکچھ اور کہتےہیں بننے کے بعد کچھ اور کرتےہیں، عوام جانتےہیں لاڑکانہ کا وزیراعظم جو وعدہ کرتا ہے اسے پورا کرتا ہے۔
