Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آرمی چیف عاصم منیر کی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارک باد

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر پاکستانی قوم، نگراں حکومت، الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کو بھی مبارک باد دی ہے۔

قوم کے نام اپنے خاص پیغام میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی عوام کی اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لیے آزادانہ اور بلا روک ٹوک شرکت، جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قیادت اور اہلکار بے تحاشا مشکلات کے باوجود انتخابی عمل کے لیے محفوظ ماحول بنانے کے لیے ہماری سب سے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں۔

چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ قومی میڈیا، سول سوسائٹی، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے ارکان کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔ تمام جمہوری قوتوں کی نمائندہ متحد حکومت، پاکستان کی متنوع سیاست اور تکثیریت کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی۔

آرمی چیف سید عاصم منیرنے پیغام میں کہا کہ انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں۔ قوم کو انتشار اور پولرائزیشن کی سیاست سے آگے بڑھنے کے لیے مستحکم ہاتھوں اور ایک شفا بخش رابطے کی ضرورت ہے – پولیریزیشن اور انتشار 250 ملین آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے موزوں نہیں ہے۔ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا مقابلہ نہیں بلکہ عوام کے مینڈیٹ کا تعین کرنے کی مشق ہے۔

چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ سیاسی قیادت اور ان کے کارکنوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر حکومت اور عوام کی خدمت کرنے کی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا چاہیے جو جمہوریت کو فعال اور بامقصد بنانے کا واحد راستہ ہے۔ جیسا کہ پاکستان کے عوام نے آئین پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے، اب تمام سیاسی جماعتوں پر فرض ہے کہ وہ سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ اس کا جواب دیں۔

آرمی چیف عاصم منیرنے مزید اپنے پیغام میں کہا کہ جب ہم اس قومی سنگ میل سے آگے بڑھتے ہیں تو ہمیں اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ آج ملک کہاں کھڑا ہے اور باقی اقوام میں ہمارا صحیح مقام کہاں ہونا چاہیے۔

آرمی چیف نے خواہش کا اظہار کیا کہ یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں اور ہمارے پیارے پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی کا مرکز ثابت ہوں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version