وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کی تربیت کا شیڈول جاری کردیا ہے،تربیتی پروگرام کا پہلا حصہ12 فروری سے شروع ہوگا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین حج کے لیے تربیتی ورکشاپ کا شیڈول جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم، ڈی جی سید مشاہد، اور چیف ٹرینر ناصر عزیز نے تیار کیا ہے۔
ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کل 12 فروری سے ہوگا اور وزیر مذہبی امور انیق احمد حیدرآباد میں کل پہلی حج تربیتی ورکشاپ سے افتتاحی خطاب کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں دو مراحل میں حج کی تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ عازمین حج کیلئے تربیتی ورکشاپس میں شرکت لازمی ہوگی۔
ترجمان کے مطابق نئے تربیتی نصاب میں مناسک حج کے ساتھ انتظامی امور پر خصوصی توجہ دی گئی ہے،7 حاجی کیمپوں کے ذریعے ضلع کی سطح پرتربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ترجمان مذہبی امورکا مزید کہنا ہے کہ تربیت کا دوسرا مرحلہ رمضان المبارک کے بعد شروع ہو گاعازمینِ حج اپنے قریبی مقامات پر حج تربیتی ورکشاپس میں شرکت کریں گےعازمینِ حج کو موبائل میسیج اور حج ایپ کے ذریعے تربیتی شیڈول کی اطلاع دی جائے گی۔
